Faraz Faizi

Add To collaction

30-Jul-2022-تحریری مقابلہ(دوست) اچھے دوست کی ہم نشینی


۔۔۔۔راقم الحروف: فرازفیضی

روزمرّہ کے مشاہدات اور تاریخ (History)کے مطالعہ سے بخوبی آشکار ہوتاہے کہ بہت سے لوگ اچھے دوستوں کی وجہ سے دنیا میں بھی کامیاب رہے اور آخرت کی بھلائی والے کاموں میں بھی لگے رہے، جبکہ ایسوں کی بھی کمی نہیں جو برے دوستوں کی وجہ سے دنیا و آخرت کی بربادی والے راستے پر چل نکلے۔ ایک مسلمان کو کسے دوست بنانا چاہئے اور اسلامی معاشرے میں دوستی کے تقاضے کیا ہیں؟ آئیے اس بارے میں جانتے ہیں۔

دھیان رکھئے! دوستی کے نتائج فقط دنیوی معاملات تک ہی نہیں ہوتے بلکہ اس کا بندے کے دین و آخرت پر بھی اثر پڑتاہے، لہٰذا کسی سے بھی دوستی کرنے سے پہلے رسولِ کریم، رءوف رَّحیم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا یہ فرمانِ عظیم لازمی پیشِ نظر رکھنا چاہئے کہ”اَلْمَرْءُ عَلٰی دِیْنِ خَلِیْلِہٖ فَلْیَنْظُرْاَحَدُکُمْ مَّنْ یُّخَالِلُیعنی آدمی اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے، لہٰذا تم میں سے ہر ایک کو چاہئے کہ وہ دیکھے کس سے دوستی کررہا ہے۔ (مستدرک،حدیث:7399)


دوستی اور مصاحبت ہمیشہ نیک، صالح اور قراٰن و سنّت کے احکام پر عمل پیرا ہونے والوں کی ہی اختیار کرنی چاہئے، کیونکہ صحبت اثر رکھتی ہے۔فارسی کا وہ مقولہ تو غالبا آپ نے سنا ہوگا" صحبت صالح تُرا صالح کند صبت طالع ترا طالع کند" اچھوں کی تمہیں اچھا اور بروں کی صحبت تمہیں برا بنا دیتی ہے" اگر یہ دوستی اللہ والوں سے ہو تو کیا ہی خوب ہے کہ شیخ سعدی فرماتے ہیں:
یک زمانہ صحبت با اولیا
بہتر از صد سالہ طاعت بے ریا

اللہ کے ولی کی صحبت کے چند لمحے
سو سال کی بے ریا عبادت سے بھی بہتر ہے

اچھے دوست کی پہچان:

اچھا دوست اور ہم نشیں کیسا ہوتا ہے اس کے بارے میں دو فرامینِ مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ملاحظہ کیجئے: (1)اچھا ہم نشیں وہ ہے کہ اس کے دیکھنے سے تمہیں خدا یاد آئے اور اس کی گفتگو سے تمہارے عمل میں اضافہ ہو اور اس کا عمل تمہیں آخرت کی یاد دلائے۔ (جامع صغیر، ص247،حدیث:4063) (2)اچھا ساتھی وہ ہے کہ جب تو خدا کو یاد کرے وہ تیری مدد کرے اور جب تو بُھولے تو یاد دلا دے۔ (جامع صغیر، ص244،حدیث:3999)

دوست بُری صحبت میں پڑجائے تو !

اگر کبھی دوست سے کوئی غلطی ہوجائے یا وہ بُری صحبت میں پڑ جائے تو یک لخت(فوراََ) اس سے دوری اختیار کرنے کے بجائے اسے سمجھانا چاہئے کیونکہ اچھے دوست کے اوصاف میں سے اہم ترین وصف(خوبی) یہ بھی ہے کہ وہ اپنے دوست کو بری صحبت میں نہیں چھوڑتا، بلکہ اسے برائی سے نکالنے کی کوشش کرتا اور اس کے لئے بارگاہِ الٰہی میں دعا کرتا ہے، اس کی عملی صورت حضرت سیّدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالٰی عنہ کے مبارک عمل سے ملاحظہ کیجئے چنانچہ منقول ہے کہ ملک شام کا رہنے والا ایک بہادر شخص امیر المؤمنین حضرتِ سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ کی بارگاہ میں آیا کرتا تھا۔ ایک بار وہ کافی عرصہ تک نہ آیا تو آپ نے اس کے متعلق پوچھا ، آپ کو بتایا گیا کہ وہ شراب کے نشے میں رہنے لگا ہے، آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اسے ایک خط بھیجا جس میں لکھا تھا: عمر بن خطاب کی جانب سے فلاں کی طرف، تم پر سلام ہو، میں تمہارے ساتھ اس اللہ کی نعمت کا شکر ادا کرتاہوں جس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ گناہوں کو بخشنے والا، توبہ قبول فرمانے والا، شدید پکڑ کرنے والااور خوب مہربان بھی ہے اس کے سوا کوئی لائِقِ عبادت نہیں اور اسی کی طرف لوٹنا ہے۔ پھر آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے ساتھیوں سے فرمایا:اپنے بھائی کے لئے اللہ تعالیٰ سےدعا کرو کہ اللہ کریم اس کے دل کو پھیر دے اور اس کی توبہ قبول کرلے۔ جب وہ مکتوب اس شخص کے پاس پہنچا تو اس نے پڑھنا شروع کیا اور بار بار کہتا جاتا: گناہوں کو بخشنے والا! توبہ قبول کرنے والا! میرے رب نے مجھے اپنی پکڑ سے ڈرایا ہے اور میری بخشش کا وعدہ کیا ہے۔

(تفسیر ابن ابی حاتم، پ24، غافر، تحت الآیۃ:2،ج10،ص3263،رقم:18416)

ایک روایت میں ہے کہ وہ شخص باربار یہی کہتا رہا اور خود پر روتا رہا، اس نے شراب نوشی سے بھی سچی پکی توبہ کر لی، جب یہ بات امیرالمؤمنین حضرتِ سیِّدُنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہتک پہنچی تو آپ نے فرمایا: جب تم اپنے کسی بھائی کو بھٹکتا ہوا دیکھو تو اسی طرح اس کا راستہ روکو اور اسے نصیحت کرو اور اس کے حق میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرو کہ وہ اسے توبہ کی توفیق دے۔(حلیۃ الاولیاء،ج 4،ص 102،رقم:4902)

یاد رکھئے!اچھے دوست کی ہم نشینی سَعادتِ دارین (دنیاو آخرت کی بھلائی) ہے جبکہ بُرے دوست کی صحبت دنیا کےساتھ ساتھ آخرت بھی تباہ کرسکتی ہے۔ اسی طرح برے اور نافرمانی کے کام ہمارے ساتھی ہیں اور اچھے اعمال بہترین دوست کیونکہ بندے کا سب سے اچھا اور بہترین دوست تو وہی ہے جو اس کے ساتھ قبر میں جائے اور وہاں کی وحشت و گھبراہٹ کی گھڑیوں میں اس کا غم خوار ہو اور بے شک ایسا دوست تو صرف نیک اعمال ہی ہیں۔

   17
12 Comments

Arshik

01-Aug-2022 07:57 AM

بہت خوبصورت👌👌

Reply

Shnaya

01-Aug-2022 01:51 AM

👌👏

Reply

Milind salve

01-Aug-2022 12:52 AM

👌👏

Reply